کانپور یکم اکتوبر (ایس او نیوز) اُترپردیش کے کانپور میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں اب تک 27 لوگوں کے مرنے کی تصدیق کی گئی ہے جس میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
حادثہ سنیچر رات اُس وقت پیش آیا جب مندر سے ایک رسم کی ادائیگی کے بعد ایک ہی خاندان کےیئ افراد سمیت اُن ہی کے گاوں کے جو ٹریکٹر ٹرالی پر سوار تھے، سڑک کنارے تالاب میں جاگری۔ رات نو بجے تک 24 لاشوں کو تالاب سے باہر نکالا گیا تھا جبکہ اسپتال میں علاج کے دوران تین مزید لوگوں کے بھی مرنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ اس طرح رپورٹ لکھے جانے تک مرنے والوں کی تعداد 27 تک پہنچ گئی۔
بتایا گیا ہے کہ کانپور کے ساڑھ تھانہ علاقے کے کورتھا گاؤں کے ایک لڑکے کا مُنڈن (سر کے بال نکالنے) کی رسم کے لئے یہ سبھی لوگ فتح پورضلع کے چندریکا دیوی مندررگئے تھے، رسم کی ادائیگی کے بعد واپسی میں یہ حادثہ پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ لڑکے کا والد ٹریکٹر چلا رہا تھا، ساڑھ اورگمبھیر پور گاؤں کے درمیان بھدیونا گاؤں کے سامنے ٹریکٹر ٹرالی پانی سے بھرے تالاب میں الٹ گئی۔ تمام عقیدت مند ٹرالی کے نیچے دب گئے۔ چیخ و پکار سن کر موقع پر پہنچے گاؤں والوں نے واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی۔ واقعے کے بعد کہرام مچ گیا۔ آدھے گھنٹے تک ٹرالی نکالی نہیں جا سکی۔ بچہ، والد اور اُس کی والدہ کی موت کے ساتھ ساتھ کئی رشتہ داروں اور گاؤں والوں کی موت سے اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ بتایا گیا ہے کہ ٹرالی میں تقریباً 50 افراد سوار تھے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس نے گاؤں والوں کی مدد سے موقع پر پہنچ کرلاشوں کو نکال کر فوری طور پر کمیونٹی ہیلتھ سنٹر پہنچایا۔ جبکہ دیگر کئی عقیدت مند شدید زخمی بھی ہوئے، جنہیں کانپور کے ایک اسپتال میں ریفر کردیا گیاہے۔ زخمیوں میں متعدد کی حالت نازک بتلائی گئی ہے۔ پتہ چلا ہے کہ مرنے والوں میں گیارہ خواتین اور گیارہ بچے شامل ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ اُترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی سینئر وزراء راکیش سچن اوراجیت پال کو موقع پرجانے اورامدادی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔
وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ایک طرف عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریکٹر پرسفر نہ کریں کیونکہ ٹریکٹر زراعتی کاموں کے استعمال کی گاڑی ہے، وہیں انہوں نے مرنے والوں کے ورثاء کو دو دو لاکھ روپیہ اور زخمیوں کو پچاس پچاس ہزار روپئے کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ حادثے پر ملک کے وزیراعظم نریندر مودی نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے قریبی ورثاء کو دو دو لاکھ روپیہ اور زخمیوں کو پچاس پچاس ہزار روپیہ کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔